خیبر پختونخوا

لکی مروت، دوستی کے تنازعہ پر 17 سالہ نوجوان قتل، ملزمان فرار

درہ پیزو کے علاقے اعضر خیل میں 17 سالہ نوجوان کو معمولی تنازعے پر فائرنگ کر کے ابدی نیند سلا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ محمد ریحان گاؤں کے مشترکہ چوک (مہمان خانے) میں موجود تھا کہ اس دوران ملزمان صدام خان اور محمد سجاد نے وہاں آ کر فائرنگ کر دی جس سے وہ زخمی ہو گیا، انہیں زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے محمد ریحان کو شعیب خان کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے سے منع کیا تھا، وہ واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ تھانہ شہید ہیبت علی خان میںان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

دوسری جانب نوشہرہ کے علاقے شیخی سپین کانے تھانہ اضاخیل میں سرکاری بھرتی کے تنازعہ پر چچا زاد بھائیوں میں مسلح تصادم، پولیس کے مطابق دو خواتین سمیت سات افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئےجنہیں تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔

پولیس تھانہ اضاخیل کے ایس ایچ او سب انسپکٹر یاسر خان کے مطابق خاندان کی مشترکہ زمین پر صوبائی حکومت نے ٹیوب ویل تعمیر کیا جس میں دو افراد کلاس فور کی آسامی پر بھرتی ہوئے، بھرتی کے معاملے پر دونوں چچا زاد بھائیوں کے خاندان میں زبانی تکرار ہوئی اور تکرار کے بعد کلاشنکوفیں نکل آئیں۔

میاں راشد مموریل ہسپتال پبی اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے زرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین امت بی بی دختر انور علی،  مسماۃ سجیلہ زوجہ بختیار خان، مثل خان ولد صبیت خان، ضابطہ خان ولد زاہد خان،ب ختیار خان ولد مثل خان، طاہر خان ولد مثل خان شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں انور علی ولد مثل خان اور سید انور خان ولد مثل خان شامل ہیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد تھانہ اضاخیل میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ خیال رہے کہ رمضان المبارک شروع ہونے کے ساتھ ہی جگہ جگہ سے اس نوعیت کے واقعات رپورٹ ہونے لگے ہیں جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔

اس سے قبل شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے اور فائرنگ کے نتیجہ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی جبکہ درہ آدم خیل اراضی تنازعہ پر باپ تین بیٹوں سمیت جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button