خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

کورونا ویکسین کے بعد سردرد یا بخار ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں”

ناہید جہانگیر سے

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں اگر ایک طرف کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب کورونا ویکسینیشن بھی شروع کی گئی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے پہلے مرحلے میں تمام محکمہ صحت کے اہلکاروں کو جبکہ مارچ کے مہینے میں تمام بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے، یہ وہ بزرگ شہری ہیں جن کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کی انتظامیہ کے مطابق ایل آر ایچ میں اب تک کل 3301 طبی عملے اور بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی ہے، ان میں طبی عملے کے 1586 افراد کو پہلا جبکہ 893 کو دوسرا ڈوز لگایا جا چکا ہے، اب تک 822 بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹر محمد زبیر بھٹی، جو کوویڈ 19 کے لیے فوکل پرسن اور کورونا ویکسینیشن سنٹر کے انچارج ہیں، کہتے ہیں کہ کہ اس ویکسین کا نام سائنو فام ہے اور چین کی حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں مفت دی گئی ہے اور اب حکومت پاکستان کی جانب سے مزید ویکسین کی فروخت کے لیے چین کو آرڈر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد زبیر بھٹی کے مطابق ویکسینیشن کے لیے طریقہ کار بہت ہی آسان ہے، ”سب سے پہلے رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ 1166 نمبر پر بغیر سپیس سینڈ کریں، جیسے ہی میسج جاتا ہے رجسٹرڈ ہونے کا میسج موصول ہو جاتا ہے ساتھ میں سنٹر کا نام اور تاریخ بھی ہوتی ہے۔”

ڈاکٹر نے ویکسین کے ری ایکشن کے حوالے سے کہا کہ اب تک تقریباً 4 ہزار کے قریب محکمہ صحت کے اہلکاروں اور بزرگ شہریوں کو ویکسین دی جا چکی ہے لیکن ایل آر ایچ میں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں آیا، ویکسین کے بعد احتیاط کے طور پر 30 منٹ کے لیے روکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائیڈ ایفیکٹ میں تھوڑا سر درد یا بخار ہو سکتا ہے اور یہ اچھا ہوتا ہے کیونکہ اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ویکسین نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک ڈوز کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے بعد دوسرا ڈوز 21 دن بعد لگایا جاتا ہے، ویکسین محفوظ ہے اور اس کو ضرور لگانا چاہئے، ڈاکٹر نے کہا۔

دوسری جانب پشاور لالہ زار کالونی کے بزرگ شہری بختیار خان نے کورونا سے بچاؤ کے ویکسین لگانے کے بعد کہا کہ ویکسن کے لئے انہوں نے بتائے ہوئے طریقے پر رجسٹریشن کی تھی، اب ہسپتال ویکسینیشن کے لئے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین سے پہلے ڈاکٹر نے اچھے طریقے سے معائنہ کیا، ویکسین لگانے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے بیڈ پر آرام کرنے کے لیے روکا لیکن کوئی ری ایکشن یا کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوئی۔

بختیار خان نے تمام بزرگ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضرور خود کو ویکسینیٹ کریں اور خود کو کورونا جیسی خطرناک بیماری سے محفوظ کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button