خیبر پختونخواقومی

مولانا فضل الرحمان بتائیں کروڑوں اربوں کی جائیداد کہاں سے آئی؟ پرویز خٹک

وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ، استعفے جو چاہے کر لے وزیراعظم بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

میٹھا خیل خویشگی بالا میں یونین کونسل گنڈیری اور یونین کونسل خویشگی بالا اور میرہ خویشگی پایان میں نئے فیڈر کے افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قوم کو بتائیں کہ ان کے پاس اربوں کروڑوں کی جائیداد کہاں سے آئی، ان کا یوم حساب آ چکا ہے، مولانا فضل الرحمان، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، سابق وزیر مملکت آصف علی زرداری سمیت سب چوروں کا مقدر جیل ہے اور قوم بہت جلد ان سب کو سلاخوں کے پیچھے دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پہلے نواز شریف اور آصف علی زرداری کی چوری بچانے کے لیے احتجاجی تحریک چلا رہے تھے، اب ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے تو اب ان کو اپنی پڑ چکی ہے اس لیے اب وہ یو ٹرن لے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اداروں کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ 26 مارچ کے لانگ مارچ کا اپوزیشن کے پاس کوئی جواز نہیں، وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ان کی بلیک میلنگ میں ہرگز نہیں آئے گی، یہ لانگ مارچ کی خواہش پوری کریں ایک سال تک اسلام اباد میں رہیں ہماری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اگر انہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینٹ انتخابات میں خریدو فروخت کرنے کی خواہشمند ہیں اس لیے وہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ پر کرانے کی مخالفت کر رہی ہے، ماضی میں ان دو بڑوں جماعتوں نے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ پر کرانے کے لیے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے لیکن اج یہ جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سینٹ میں شفاف الیکشن کے لیے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ ہارس ٹریڈنگ اور ضمیر کا سودا کرنے والوں کا پتہ چل سکے، انتخابات جس طریقے سے بھی ہوں حکومت اپنے حصے کی مخصوص سیٹیں جیتے گی اور حکومت اپوزیشن کو خریدو فروخت کے ذریعے زیادہ سیٹیں جتنے نہیں دے گی۔

اس موقع پر قومی اسمبلی میں ڈاکٹر عمران خٹک، رکن صوبائی اسمبلی ابراہیم خان خٹک، نوشہرہ چیمبر آف کامرس کے صدر زر عالم خان، سابق ضلعی کونسلر طفہیم خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پرویز خان خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کے لیے سیاست کر رہی ہیں، ان کا عوامی مفاد کے ساتھ دور دور کا تعلق نہیں، 26 مارچ کو پی ڈی ایم کا اسلام آباد لانگ مارچ ان کے جلسے جلوسوں کی طرح فلاپ ہو جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button