خیبر پختونخوا حکومت کا قیدیوں سے ملاقات پر پابندی جلد ختم کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترندنے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک خلیق الرحمان کے ہمراہ سب جیل نوشہرہ کا دورہ کیا اور جیل میں قیدیوں کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وہ جیل کی مختلف بارکوں میں گئے جہاں انہوں نے کھانے پینے سمیت صحت و صفائی کی صورتحال اور طبی سہولیات اور جیل میں درپیش مسائل سے متعلق مکمل آ گاہی حاصل کی۔
اس موقع پر آئی جی جیلخانہ جات مسعود الرحمان، ایڈیشنل آئی جی ریٹائرڈکرنل تاج سلطان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ معاون خصوصی جیل خانہ جات اور مشیرخوراک کو جیل سپرنٹنڈنٹ نجم خان نے جیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ جیل 1918 میں قائم ہوئی جو 9کنال اراضی پر مشتمل ہے اور عمارت میں جگہ کم ہے جبکہ قیدی گنجائش سے بہت زیادہ ہیں۔
معاون خصوصی نے دستیاب وسائل کے مطابق جیل کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ضلع نوشہرہ میں ایک نئی ڈسٹرکٹ جیل تعمیر کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے جس کے لئے زمین اور جگہ کا تعین کیا جارہاہے جگہ مل جانے کے فوری بعد اس کی تعمیر شروع ہو جائے گی.
معاون خصوصی نے کہاکہ قیدیوں سے متعلق یہاں کے جو بھی مسائل ہیں حکومت انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی ہے اورحکومت ارادہ رکھتی ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے قیدیوں کی ملاقات کا سلسلہ دوبارہ بحال کیاجائے تاکہ ملاقاتوں میں دشواری ختم ہو.
یہ بھی پڑھیں : کیا خیبرپختونخوا کی جیلیں دیگر صوبوں کی جیلوں سے واقعی بہتر ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جیلوں میں کافی اصلاحات کی ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی کوشش ہے کہ جیلوں سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جائے اور اس سلسلے میں پشاور ہری پور اورمردان کی جیلوں کے اندرانڈسری قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے تاکہ قید ی اپنی محنت اور ہنر مندی کی بدولت بہترین شہری کی طرح اپنے خاندانوں کی مدد کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جیل خانہ جات کے ملازمین کے مسائل کو حل کرتے ہوئے انہیں ترقیاں دی ہیں تاکہ وہ دلجمعی سے اپنی خدمات سر انجام دے سکیں۔ معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات اور مشیر برائے خوراک نے بعدازاں نوشہرہ نئی جیل کے قیام کے لئے مختلف جگہوں کا بھی معائنہ کیا۔