خیبر پختونخوا

چترال،جشن بروغل دو روز تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر

واہ خان پٹی چیانتر اور چوٹی بوئی گلیشیئرز کے دامن میں 12 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع وادی بروغل میں جشن بروغل دو روز تک جنگل میں منگل کا سماں پیدا کر کے رنگینیاں اور رعنائیاں پھیلانے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔

خیبر پختونخوا ٹورزم کارپوریشن (ٹی سی کے پی) اور اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام فیسٹیول میں مقامی اور ملکی سیاح بڑی تعداد میں شرکت کر کے قدیم واخی کلچر اور تہذیب کا مشاہدہ کیا اور یاک پولو سمیت دوسرے قدیم کھیلوں سے لطف اندوز ہوئے۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویڑن سید ظہیر الاسلام شاہ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس نے اپنے خطاب کے دوران اس فیسٹول کو صوبائی حکومت کے کیلنڈر ایونٹس میں شامل کر کے اسے ہر سال 22 سے 24 جولائی تک منانے کا اعلان کیا۔

یاک پولو، ہارس پولو، بزکشی، گدھا پولو کے کھیلوں کے مقابلے اور دوسرے روایتی کھیلوں کے مقابلے فیسٹول میں شامل تھے جن میں بروغل کے ساتھ مختلف دیہات کی ٹیموں نے نہایت جوش وخروش سے حصہ لیا۔

یاک پولو میں چلمار آبا د گاؤں نے سخت مقابلے کے بعد شکاروارز گاؤں کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی جبکہ بزکشی کے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں چکار گاؤں نے لشکر گاز کو شکست دے دی اور گدھا پولو میں گرم چشمہ گاؤں کی ٹیم نے چلمار آباد کو ہرا دیا جبکہ پولو کے فائنل میں گاریل گاؤں نے چلمار آباد کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

اس موقع پر تیراندازی کے بھی مقابلے منعقد ہوئے جبکہ راتوں میں محفل موسیقی میں مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہر ہ کر کے شائقین سے داد و تحسین وصول کرتے رہے۔

یاد رہے کہ اگست کے آخری عشرے میں خیبر پختونخوا حکومت نے دو روزہ بروغل فیسٹویل کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا تھا، وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت نے فیسٹویل کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی تھیں تاہم 28 اگست کو حالیہ سیلاب اور تباہ کاریوں کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔

۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button