تعلیم

چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی رقم بڑھا کر دو ارب روپے کرنے کا اعلان

 

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے یتیم طلبہ اور طالبات کی فیسوں کی ادائیگی اور سکالرشپس کیلیے انڈومنٹ فنڈ کی رقم ایک ارب روپے سے بڑھا کر دو ارب روپے کرنے اعلان کردیا۔

بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت طلبہ میں سکالرشپ ایوارڈ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی، ایم این اے شاہد خٹک اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔

تقریب میں 65 ذہین اور مستحق طلباء وطالبات میں سکالرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ ان سکالرشپس میں 19 پوسٹ گریجویٹ جبکہ 46 انڈر گریجویٹ سکالرشپس شامل ہیں۔

شرکاء تقریب کو چیف منسٹر انڈومنٹ فنڈ کے تحت اب تک فراہم کی گئی سکالرشپس پر بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت اب تک مجموعی طور پر 546.47 ملین روپے کی لاگت سے 444 سکالرشپ فراہم کی گئی ہیں۔ جن میں سے منظور شدہ نیشنل انسٹیٹیوٹس میں 107 گریجویٹ سکالرشپس فراہم کی گئیں جن پر 47 ملین روپے لاگت آئی ہے۔

302 ملین روپے کی لاگت سے 327 انڈر گریجویٹ سکالرشپس دی گئی ہیں۔ اسی طرح دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیز میں 3 ایم ایس اور 7 پی ایچ ڈی سکالرشپس فراہم کی گئیں جن پر 197.47 ملین روپے لاگت آئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button