خیبر پختونخوا

بروغل فیسٹیول چترال میں حالیہ سیلاب کے باعث ملتوی

ضلع اپر چترال کی وادی بروغل میں محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال اپر کے زیراہتمام منعقد ہونے والا بروغل فیسٹیول حالیہ سیلاب اور تباہ کاریوں کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔

اپر چترال میں 5 ستمبر سے شروع ہونے والا دو روزہ بروغل فیسٹیول اب 12 اور 13 ستمبر کو منعقد ہو گا۔ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بروغل وادی کا منفرد کھیل یاک پولو، کرکٹ، فٹبال، بزکشی، میراتھن ریس رسہ کشی، گدھا پولو، گھوڑا پولو اور دیگر روایتی کھیل شامل ہیں جبکہ ان سب کے علاوہ موسیقی کی محفل کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

بروغل فیسٹیول میں شریک ہونے والے سیاحوں کیلئے خصوصی طور پر ٹینٹ ویلیج کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ سیاح ایڈونچر سیاحت سے لطف اندوز ہو سکیں۔

چترال میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث نقصانات اور رابطہ پل سیلاب برد ہونے کی وجہ سے محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا جس کے بعد بروغل فیسٹیول کو 12 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔

سطح سمندر سے 13 ہزار 600 فٹ بلندی پر واقع اور چترال شہر سے 250 کلومیٹر دور بروغل وادی پر ہر سال بروغل فیسٹیول منایا جاتا ہے۔

فیسٹیول میں کھیلا جانے والا جنوبی ایشیاء کی تاریخی کھیل بزکشی ہے جس میں گڑ سوار مردہ دنبے یا بکرے کو اٹھائے دیگر گڑ سوارے سے بھاگتا ہے جن کے مابین ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

اس کے علاوہ گڑ سواروں اور گدھوں پر پولو کے مقابلے بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں۔

وادی بروغل چترال شہر سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جس میں خوبصورت گلیشیئر، وائلڈ لائف، سرسبز و شاداب پہاڑ جبکہ اس کے قریب ہی موجود کورمبر جھیل بروغل وادی کی خوبصورتی کا اہم جزو ہے۔

وادی میں 30 کے قریب تازہ پانی کی مختلف جھیلیں بھی موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے ساتھ مل کر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے، بروغل وادی چترال شہر سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس فیسٹیول کیلئے چترال کے مختلف علاقوں سے شہری بروغل کا رخ کرتے ہیں۔

چترال کے سالانہ فیسٹیول اور تہواروں میں شامل بروغل فیسٹیول کو بہترین انداز میں منایا جاتا ہے۔ دشوار گزار اور ایڈونچر سے بھرپور اس وادی کی خوبصورتی بہت زیادہ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button