خیبر پختونخوا

لوئر دیر میں دلہن کی خودکشی، خیبر میں دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق

ضلع لوئر دیر میں نئی نویلی دلہن کی خودکشی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں ایک بچے سمیت پانچ افراد جاں بحکہ جبکہ دو بچیاں زخمی ہو گئیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق لویر دیر کے علاقے درمال بالا میں گھریلو ناچاقی کی بناء پر نئی نویلی دلہن نے زہریلی گولی کھا کر خود کشی کر لی، کیس میں کسی کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوا یا نہیں اس بارے کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔

اسی طرح خودکشی کا ایک اور واقعہ ضلع ہنگو میں پیش آیا پولیس کے مطابق جہاں توغ سرائے کے رہائشی عتیق الدین نے پستول سے خود پر فائر کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا، خودکشی کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔

دوسری جانب ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ علاقہ اکاخیل میں طوفانی ہوا کے باعث دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو بچیاں زخمی ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق باڑہ کے نواحی اکاخیل کے علاقہ درو اڈہ میں حبیب اللہ اکاخیل تپہ میرگٹ خیل کے گھر کی دیوار تیز آندھی کے باعث گر گئی جس سے ابوبکر صدیق ولد حبیب اللہ جس کی عمر تیرہ مہینے، دو سالہ سعیدہ ولد حبیب اللہ اور چھ سالہ شافیہ ولد یوسف مدا خیل زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق موقع پر موجود لوگوں نے امدادی کارروائیوں کے ذریعے ملبے سے زخمیوں کو نکالا جس میں ابوبکر صدیق شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ سعیدہ اور شافیہ کو طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈ یکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔

اُدھر باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے گاؤں اسلام ڈیری میں بڑے بھائی مسمی نعمان نے اپنے چھوٹے بھائی فرمان ولد نواب کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائیوں میں پانی پینے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

اسی طرح تخت بھائی کے شہری علاقے سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ خاتون نے گذشتہ روز نامعلوم وجوہات کی بناء پر گندم کی زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

اطلاعات کے مطابق تخت بھائی کے علا قے پٹ بابا سے تعلق رکھنے والی مسماۃ (ب) دختر انور خان نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر گھر کے اندر گندم کی زہریلی گولیاں کھائیں جس سے اس کی حا لت غیر ہو گئی، اسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تخت بھائی پہنچا دیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔

تخت بھائی پولیس نے مقدمہ درج کر کے خودکشی کے اصل حقائق جاننے کے لئے تفتیش شروع کردی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button