خیبر پختونخوا

ہسپتال میں سالگرہ منانے والا بزرگ شہری, جواں سالہ لیبارٹری اسسٹنٹ کورونا سے جاں بحق

خیبرپختونخو میں آج اب تک کورونا سے مزید 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں 71 سالہ وہ بزرگ بھی شامل ہیں جن کی چند دن پہلے ہسپتال میں سالگرہ کا کیک کاٹتے ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ باقی جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق نوشہرہ سے ہے۔

حیات آباد میڈیکل کملیکس کے زرایع کے مطابق بزرگ شہری جو کی گزشتہ چند دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے آج کورونا سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئے۔

سوشل میڈیا پر چند دن پہلے ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے نہ صرف ان کی خواہش پوری کرنے والے ڈاکٹر کی تعریف کی تھی بلکہ مریض کے لئے بھی نیک تمناوؤں کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب آج نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے لیبارٹری ٹیکنیشن سمیت دو  نوجوان کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔

نوشہرہ کے کورونا کیسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر زاہد کے مطابق شیدو کا رہائشی ارشد شکیل اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے جبکہ خٹ کلی کے جواں سالہ لیبارٹری اسسٹنٹ کاشف خان قاضی میڈیکل کمپلکس میں اس مہلک وائرس کے وار سہہ نہ سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

خیال رہے کہ ملک کے دوسرے صوبوں کی طرح خیبرپختوںخوا میں بھی کورونا کے کیسز اور اس سے ہلاکتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ خیبرپختوںخوا میں گزشتہ روز 1 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جو کہ اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ نئے کیسز کے ساتھ صوبہ بھر میں کیسز 17450 تک پہنچ گئے ہیں۔

اسی طرح ملک بھر میں بھی کورونا کے کیسز اب تک 1 لاکھ 39 ہزار 230 ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتیں بھی 2632 تک پہنچ گئی ہیں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 9 ہزار 8 سو کے قریب مریض اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے تھے جس کے ساتھ صحتیاب مریض بھی 51 ہزار سے زائد ہوگئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button