پشاور: ماسک نہ پہننے پرشہری کو ایک ہزار روپے کا جرمانہ
ضلعی انتظامیہ پشاور نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ماسک نہ پہننے پر ایک شہری کو ایک ہزار روپے جرمانہ کردیا۔
ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خطرات سے بچاؤ کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جرمانوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کے تحت ایک شہری کو ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار روپے جرمانہ کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حکومتی اعلان کے باوجود متنی کے علاقے میں شہری نے ماسک نہیں پہنا تھا، قانون کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر نے شہری کو جرمانہ کیا۔شہری کو جرمانے کی جو رسید دی گئی ہے اس پر تحریر ہے کہ ماسک نہ پہننے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ پشاور میں لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے بازاروں میں خوب رش دیکھنے میں آ رہا ہے، لوگ حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر بالکل بھی عمل نہیں کر رہے نہ ہی دکانوں پر سینیٹائزر سمیت احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جا رہا ہے، خلاف ورزی پر خیبر پختونخوا حکومت نے جرمانوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 76 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1729 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 83292 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک سندھ میں 555 اور پنجاب میں کورونا سے 570 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 51 ، اسلام آباد 34 ، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔