قبائلی اضلاع

شمالی وزیرستان: مدرسے میں چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کے والدین میں امدادی رقوم تقسیم

شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں دو روز قبل چھت گرنے سے جاں بحق آٹھ بچوں کے لواحقین کو فی کس تین تین لاکھ کے امدادی چیکس دے دیئے گئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس کی تیاری کی جارہی ہے۔

شمالی وزیرستان کی مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ منگل کے روز شیواہ کے علاقے زیر جان کوٹ میں دینی مدرسے میں درس قران کے دوران چھت گرنے سے جو آٹھ بچے جاں بحق ہوئے تھے ان کے لواحقین کو صوبائی وزیر برائے ریلیف، تعمیر نو اور ابادکاری اقبال وزیر اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے بغیر کسی تاخیر کے فی کس تین تین لاکھ کے چیکس دئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس بھی تیاری کے مراحل میں ہیں جو بہت جلد زخمی بچوں کے لواحقین کو حوالے کئے جائینگے۔

اس موقع پر اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ گوکہ مذکورہ رقم ان بچوں کے نقصان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں تاہم حکومت نے جاں بجق بچوں کے لواحقین کے درد اور غم کو کم سے کم کرنے کیلئے فوری اقدام کیا جبکہ زخمی بچوں کے والدین کو بھی ایک ایک لاکھ روپے ائندہ ایک دو دن میں دئے جائینگے تاکہ وہ اپنے بچوں کا علاج صحیح طریقے سے کر سکے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں ایک دینی مدرسے کا چھت گرنے سے آٹھ بچے جاں بحق جبکہ سات بچے زخمی ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button