خیبر پختونخوا

تخت بھائی، دو بھائیوں نے اپنی مارکیٹوں کے ایک ماہ کا کرایہ معاف کردیا

مردان کی تحصیل تخت بھائی کی معروف سیاسی شخصیت اور پی پی پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری اورنگ زیب خان اور سینئر صحافی حق نواز خان نے تخت بھائی بازار میں واقع اپنی تمام مارکیٹوں کے ایک ماہ کا کرایہ معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور سابق ناظم اورنگ زیب خان نے اس حوالے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ملکیتی جایئداد میں قائم مارکیٹوں کے تمام دوکانداروں اور مکانوں میں رہائش پذیر کرایہ داروں کو کرونا وباء میں لاک ڈاون کی وجہ سے ایک ماہ کا کرایہ معاف کردیا ہے اور یہ آفر ہماری طرف سے ایک صدقہ ہے۔

اورنگزیب خان کے مطابق کرونا وباء ھم سب پر ایک بڑا امتحان ہے اور انشاء اللہ بحیثیت قوم متحد ہو کر اس وباء کو شکست دیں گے۔

ٹی این این کی جانب سے اس سلسلے میں رابطہ پر بین الاقوامی جریدے سے وابستہ سینئر صحافی حق نواز خان نے بتایا کہ دنیا بھر کی طرح ہمارے ملک میں بھی کرونا وائرس وباء کی روک تھام کے سلسلے میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور مارکیٹیں اور دوکانیں بند پڑی ہیں جس سے روزگار بھی بند ہوا ہے۔

حق نواز سینئر صحافی اور واشنگٹن پوسٹ کے نمائندے ہیں

انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا کہ ہمارے معاشرے میں صاحب ثروت اور استطاعت لوگ ہیں وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور ان سخت حالات میں مجبور و نادار لوگوں کا ساتھ دیں۔

حق نواز کے مطابق ان کے بھائی اورنگزیب خان اور ان کی مارکیٹوں کا کرایہ تقریباً 500000 روپے بنتا ہے جو معاف کر دیا گیا ہے اور اگر کسی بھی کرایہ دار سے ہمارے منشی نے ایڈوانس کرایہ لیا ہو وہ ان سے واپس وصول کرسکتے ہیں۔

تخت بھائی بازار میں حق نواز خان کی مارکیٹ میں واقع ایک چائے ہوٹل کے مالک سبحان اللہ نے ٹی این این کو بتایا کہ مالک دوکان کی جانب سے اس ماہ کا کرایہ معاف کرنے کا سن کر بہت خوشی ہوئی کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ان کا روزگار لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہے اور مزدوری نہیں ہو رہی ہے۔

سبحان اللہ کے مطابق اس کا اجر مالک دوکان کو اللہ دے گا کہ ان حالات میں انہوں نے مزدور کاروں کا خیال رکھا جبکہ دوسری مارکیٹوں کے مالکان کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کو اس ماہ کا کرایہ معاف کریں کیونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے مکمل طورپر روزگار بند ہے، غریب لوگ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کا بندوبست کریں یا گھر اور دوکان کا کرایہ دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button