خیبر پختونخوا

ڈیرہ، پولیس چیک پوسٹ پر مسلح موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کا حملہ

ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع پوٹہ پولیس چیک پوسٹ پر مسلح موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، راکٹ لانچرز بھی داغے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے

ڈیرہ پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ صدر کے حدود میں واقع ایف آر پی پولیس پوسٹ پوٹہ پر نامعلوم دہشتگرد حملہ آور ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ پولیس پوسٹ پر راکٹ لانچرز بھی داغے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ اور ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانہ صدر کی حدود میں پولیس پوسٹ پوٹہ پرراکٹ لانچر اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

پولیس پوسٹ پوٹہ پر تعینات اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکار چوکنا ہونے کی وجہ سے کسی قسم کے جانی نقصان سے مکمل محفوظ رہے جبکہ حملے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

پولیس اہلکاورں کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشتگردوں کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھا گھنٹہ تک جاری رہا، حملہ آور تقریباً 8 سے 10 کی تعداد میں تھے جو کہ اپنے مقصد میں ناکامی کے بعد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر)سید محمد امتیاز شاہ نے چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کو ان کی بہادری اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ دہشتگردوں کامقابلہ کرنے پر شاباش دی اور موقع پر نقد انعام سے نوازتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی اس بہادری اور جوانمردی کے باعث اس علاقہ سے شر پسندوں اور دہشتگردوں کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور مزید مٹھی بھر دیگر شرپسندوں کو بھی بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مستقبل میں بھی ان کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیابی نصیب نہیں ہوگی اور انشاء اللہ ہمیشہ پولیس فورس جوانمردی اور بہادری کا مظاہرہ کرتی رہے گی اور اس ملک و شہر کا امن خراب کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف اپنی کاروائیاں بھر پور انداز میں جاری رکھے گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کہا کہ پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کے حوصلے پست ہوگئے، ان کا حملہ ناکام ہوا جس سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے، پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں، آئندہ بھی ڈیرہ پولیس ان مٹھی بھر دہشتگردوں کیخلاف جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کیلئے پولیس فرنٹ لائن پر اپنے فرائض منصبی انجام دیتی رہے گی۔

ادھر پولیس پوسٹ پوٹہ پر حملے کا مقدمہ دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف درج کرلیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے قریبی علاقوں میں پولیس کے سرچ آپریشنز بھی جاری ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button