بین الاقوامی

اسرائیلی حملوں میں مزید کئی فلسطینی شہید، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس

فلسطین پر اسرائیلی افواج کی بمباری مسلسل ساتویں روز بھی جاری ہے اور گزشتہ رات تازہ فضائی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ مزید 2 رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ دوسری جانب فلسطین کے مسئلے پر آج سعودی عرب میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی ہو رہا ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز فضائی حملوں میں اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مغربی غزہ سٹی کے علاقے خان یونس میں غزہ میں حماس کے سیاسی و عسکری ونگ کے سربراہ یحیٰ السنور کے گھر کو نشانہ بنایا، مذکورہ رہنما کو سال 2011 میں اسرئیل کی جیل سے رہائی ملی تھی۔

علاوہ ازیں اسرائیلی میزائلوں نے پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کو بھی نشانہ بنایا جس میں 8 بچوں سمیت 10 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔

قبل ازیں ایک حملے میں ایک 12 منزلہ الجلا نامی رہائشی عمارت کو مسمار کردیا گیا تھا جہاں الجزیرہ، امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پرین (اے پی) سمیت میڈیا کے دیگر اداروں کے دفاتر موجود تھے، عمارت کے مالک کو پیشگی حملے کے اطلاع دینے کے بعد تباہ کیا گیا تھا۔

غزہ میں پیر کے روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 42 بچوں سمیت 153 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

دوسری جانب حماس کے راکٹ حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 10 افراد کی ہلاکت ہوئی۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

مقبوضہ بیت المقدس میں جمعہ (7 مئی) سے جاری پرتشدد کارروائیاں سال 2017 کے بعد بدترین ہیں جس میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے علاقے سے  متعدد فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں نے مزید کشیدگی پیدا کی۔

دوسری جانب آج اسلامی ممالک کے تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے جس میں فلسطین کے معاملے پر غور ہو گا۔

اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا.

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button