شمالی وزیرستان میرعلی سے پانچ لاشیں برآمد
شمالی وزیرستان تحصیل میرعلی سے پانچ لاشیں برآمد ہوگئی۔ پولیس کے مطابق رات کے وقت نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق پانچ افراد میں ایک ضلع کرک کا رہائشی بھی ہے۔ باقی افراد کے شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے تاحال شناخت نہیں ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے میرعلی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ ایک واقعہ میرعلی بازار میں پیش آیا جہاں 4 لاشیں برآمد ہوئی جبکہ دوسرے واقعے میں نامعلوم افراد نے کرک سے تعلق رکھنے والے شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واردات کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ لاشوں کیساتھ سبزی لے جانے والی پک اپ گاڑی اور ایک مزدا گاڑی کھڑی ہے۔
یاد رہے کچھ روز قبل شمالی وزیرستان میں چھ حجاموں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی تھی۔ قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے اور مقتولین کی میر علی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں۔ تمام مزدوروں کو نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
اس سے قبل شمالی وزیرستان کے تحصیل سپین وام سے 8 غیر مقامی مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان مزدوروں کو گاؤں ششی سے اغوا کیا گیا۔
مغوی افراد سیکیورٹی چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ مزدور ماڑی پٹرولیم کمپنی کے تھے۔