جرائم

پشاور: سربند میں پولیس کی فائرنگ، موٹر کار میں سوار ایک شخص جاں بحق

آفتاب مہمند

پشاور کے نواحی علاقے سربند میں پولیس کی فائرنگ سے موٹر کار میں سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

پولیس کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب تھانہ سربند کی حدود میں پولیس نے ناکے پر ایک موٹر کار کو روکنے کے لیے اشارہ کیا تاہم گاڑی نا روکنے پر پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ موٹر کار میں سوار درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والے چار افراد کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے جواب میں پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی۔ وقوعہ کے بعد زخمی اور جاں بحق افراد کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ موٹر کار میں سوار دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس پی کینٹ کے زیر نگرانی ایک کمیٹی تشکیل دیکر انکوائری کی جارہی ہے اور فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کی صورت میں معلوم ہوجائے گا کہ گاڑی میں سوار افراد نے پولیس پر کیوں فائرنگ کی تھی۔

احسن اعوان پشاور میں سنیئر صحافی ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال پشاور میں پیش آنے والا یہ تیسرا واقعہ ہے، اس سے پہلے پشاور کے علاقوں یکہ توت اور چمکنی میں بھی اس طرح کے واقعات سامنے آئے تھے جس میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

ان کے بقول اس واقعے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم اس پہلے پیش آنے والے واقعات میں پولیس کے مطابق فرار ہونے کی صورت میں جب پولیس ایک سمگلر کا تعاقب کر رہی تھی تو فائرنگ کے تبادلے میں سمگلر مارا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button