جرائم

باڑہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق

خادم آفریدی

 

ضلع خیبرباڑہ میں رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث مبینہ ملزم فرار کی کوشش میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک ملزم کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

باڑہ پولیس سراج الدین چوکی اہلکار دوران گشت رہزنی و ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان واحد گل ولد نصیب قوم ملک دین خیل اور محمد رحمن ولد اعظم قوم بر قمبرخیل کو گرفتار کرکے پولیس چوکی لے آئے۔

اس دوران پولیس اہلکار گشت پر تھے کہ ایک ملزم نے موقع غنیمت جانتے ہوئے ہتھکڑی کھول کر فرار ہونے کی کوشش کی جس پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار نے فرار روکنے کے لئے ملزم پر فائرنگ کی جس سے وہ پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے کے بعد چوکی کے اندر کرکے دوبارہ اس پر فائرنگ کردی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر دم توڑ گیا۔

پولیس نے نعش ضروری کاروائی کیلئے ڈوگرہ ہسپتال منتقل کردی، جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کو باڑہ حوالات منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مرنے اور گرفتار ہونے والے ملزمان موٹر سائیکل چوری، سولر پینل ، بیٹریوں اور دیگر چوریوں میں ملوث تھے جبکہ ملزمان سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ باڑہ ہدرم گل آفریدی نے بتایا کہ چوری کے الزام میں گرفتار ملزم پر فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کفایت اللہ کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے خلاف دفعہ 302 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی جس کو اج باقاعدہ طور پر جج کے سامنے پیش کیا گیا، پولیس اہلکار کفایت اللہ کا تعلق تحصیل لنڈی کوتل سے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم بھاگ رہا تھا اس وجہ سے فائرنگ کی گئی تاہم دوبارہ چوکی میں ملزم پر فائرنگ کی انہوں نے تردید کی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button