جرائم

پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جے یو آئی رہنماء کے والد زخمی

پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جے یو آئی رہنما کے والد لگ کر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

جے یو آئی رہنما و امیدوار برائے کونسلر محمد عارف کے والد محمد حنیف ولد یوسف ساکن سفید ڈھیری نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے پشتہ خرہ پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب وہ نماز عشاء کی ادائیگی کیلئے مسجد صالح آباد جا رہا تھا کہ راستہ میں موٹرسائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ لگ کر زخمی ہو گیا جسے مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

مدعی کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

نشے کی لت میں مبتلا بہنوئی سالے کے ہاتھوں قتل

دوسری جانب پشاور ہی کے علاقے اتحاد کالونی میں سالے نے نشے کے عادی بہنوئی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

شمس الدین ولد علاؤ الدین قریشی ساکن چوک ناصر خان حال راولپنڈی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے فقیر آباد پولیس کو بتایا کہ اس کے بھائی 33 سالہ نعمان قریشی کی 8 سال قبل مسماة نورین کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے بھی ہیں، نعمان نشے میں مبتلا ہو گیا تھا جس کا اس کے سالے وسیم کو رنج تھا اور اس نے اپنی بہن کو دھمکی بھی دی تھی کہ اگر اس نے نشہ نہ چھوڑا تو اسے قتل کر دے گا، گزشتہ روز نورین نے موبائل فون پر اطلاع دی کہ وہ گھر میں موجود نہیں تھی کہ اس دوران وسیم نے ایکسیڈنٹ میں زخمی ہونے کے باعث گھر میں پڑے نعمان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزم فرار ہو گیا۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور وسیم ولد نسیم خان ساکن ناگمان حال اتحاد کالونی کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button