باڑہ: کورونا ویکسین لگوانے والے احتجاج پر کیوں؟
ضلع خیبر: باڑہ ڈوگرہ ہسپتال میں کرونا ویکسین لگوانے کیلئے آئے ہوئے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، آنے والوں نے ویکیسنیشن عملہ پر بے قاعدگیوں اور اقرباء پروری کے الزامات عائد کر دیئے۔
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈوگرہ میں کرونا سے بچنے کیلئے لوگ ویکسینیشن کیلئے گئے تاہم ویکسین نہ لگوانے پر عملے کے خلاف احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ ہسپتال میں اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کو ویکسین لگوائی جاتی ہے جبکہ دیگر لوگوں کو نیٹ کی سہولت نہ ہونے کا کہہ کر واپس کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کئی گھنٹوں سے انتظار کرتے رہے، اس دوران عملہ اپنے رشتہ داروں اور جان پہچان کے لوگوں کو آگے کر کے انہیں ویکسین لگواتا رہا، ہمارے استفسار پر ہمیں یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا کہ نیٹ سروس نہیں جس کی وجہ سے انہیں ویکسین نہیں لگائی جا سکتی کیونکہ نیٹ کی عدم دستیابی پر ان کا ڈیٹا نہیں بھیجا جا سکتا جس پر انہوں نے عملے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت عوام کو ترغیب دے رہی ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطاً ویکسین لگائیں اور دوسری طرف ہسپتالوں میں سہولیات دستیاب نہیں جس کی وجہ سے عوام نامراد واپس لوٹ رہے ہیں۔
دوسری جانب ہسپتال ذرائع نے رابطے پر بتایا کہ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انٹری کا مسئلہ ہوتا ہے جس کی بناہ پر ویکیسن نہیں لگوائی جا سکتی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 66 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 56،279 کورونا ٹیسٹس میں 3800 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جسکی شرح 6۔75فیصد ہے۔