جمرود بازار میں فائرنگ، دو پولیس اہلکار جاں بحق
افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے اثرات خیبر پختونخوا خصوصاً ضم اضلاع میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کی صورت ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔
آض تیراہ میں دو ایف سی اہلکاروں کے قتل کے بعدد ضلع خیبر ہی کے علاقے جمرود میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
پولیس زرائع کے مطابق خیبر تھانہ جمرود ٹیڈی بازار میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کلیم اللہ آفریدی اور ڈرائیور انداز گل زخمی ہو گئے تھے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آج ہی وادی تیراہ میدان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔
دو روز قبل شمالی وزیرستان اور خیبر میں ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں سب انسکپٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اس سے بھی اک روز قبل ڈی آئی خان میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کےعلاقے اٹل شریف کے قریب نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل دلاور خان جاں بحق ہوگیا۔