قبائلی اضلاع

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا اور واقعہ، کرکٹ کا مایہ ناز کھلاڑی قتل

 

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ  کے واقعات میں آئے روز اضافہ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ شب تازہ ترین واقعہ میں نامعلوم افراد نے کرکٹ کے مقامی مایہ ناز کھلاڑی واجد کو قتل کر دیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات میرعلی کے گاوں ہرمز میں واجد کو گھر کے قریب ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ مقامی افراد نے واجد کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے میرعلی ہسپتال منتقل کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ظاہری طور پر ٹارگٹ کلنگ کا لگ رہا ہے لیکن اس کی ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

واجد اپنے علاقے کے کرکٹ ٹیم ہرمز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی تھے جن کے قتل پر پورے علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور عوام قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کر رہےہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں شمالی وزیرستان میں ٹارکٹ کلنگ کے واقعات میں سنگین اضافہ ہوا ہے جس کے خلاف کئی بار مظاہرے بھی کئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں گزشتہ مہینے بنوں کے جانی خیل علاقے میں وزیر قوم کے ایک سرکردہ ملک کے قتل کے خلاف مقامی لوگوں نے بیس دن سے زائد دھرنا دیا تھا۔ بعد میں دھرنا شرکاء کی جانب سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی پر پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی تھیں جن میں کئی مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

بعد میں صوبائی حکومت نے ان سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کروایا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button