‘رمضان کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا’
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کے مساجد پر لاک ڈاؤن کا اطلاق نہ ہونے سے متعلق بیان پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ’ مولانا منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں احترام ہے لیکن ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے‘۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی گئی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع‘؟ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ‘جہاں تک رمضان کا تعلق ہے تو 24 اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائے گا اور انشا اللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ پہلے ارادہ تھا اس بار لوگوں کو چاند دیکھنے کے لیے اکٹھا کریں گے لیکن اب کورونا نے ہر اجتماع منسوخ کرا دیا ہے، انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اب سے مساجد پر لاک ڈاؤن کا اطلاق نہیں ہوگا، مساجد میں سماجی فاصلے کے اصول کا خیال رکھا جائے گا اور رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز تراویح اور اعتکاف کا سلسلہ جاری رہے گا۔