دوسروں کو نصیحت، خود میاں فضیحت: پرویز خٹک کا کورونا سے بچاو کے اقدامات کی خلاف ورزی
حکومت کی جانب سے جلسے جلوسوں پر پابندی کے باوجود وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں ایک بڑا سیاسی جلسہ منعقد کیا جس میں دلچسپ طور پر انہوں نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف بھی کی۔
صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر صوبہ بھر میں نہ صرف تمام تعلیمی اداروں کو دو ہفتوں کے لئے بند کردیا ہیں بلکہ حکومتی اراکین سمیت پارٹی کے تمام عہدیداروں کو بھی کسی قسم کے جلسے جلوسوں سے منع کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعثظم عمران خان کی زیرصدارت ایک اجلاس میں بھی عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی جاچکی ہیں۔
گزشتہ روز نوشہرہ کے علاقے پشتون گھڑی میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے جلسہ کرکے وفاقی اور صوبائی حکومت کے سب احکامات ہوا میں اڑا دئیں۔ جلسہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن سے خطاب میں وزیردفاع نے حکومت کے دیگر پالیسیوں کی تعریف کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بھی قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے سب کو عید الفطر تک عوامی اجتماعات پر پابندی سمیت ملک بھر میں صحت ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو روکنے میں حکومت سمیت اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن پر بھی یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
وزیردفاع نے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وائرس سے نمٹنے کے لئے وہ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔