باڑہ، سینئر صحافی سے پولیس اہلکار کے ہتک آمیز رویے پر افسران کی معذرت
مقامی صحافی شاہ نواز آفریدی کے ساتھ پولیس اہلکار کے ہتک آمیز رویے کے بعد باڑہ پریس کلب اور باڑہ پولیس کے درمیان پیدا ہونے والا تنازعہ فریقین کے باہمی رضامندی سے حل ہوگیا۔
باڑہ پریس کلب نے پولیس اہلکار کو معاف کر دیا جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جلسے کی کوریج کے دوران باڑہ بازار میں پولیس اہلکار شکیل کی باڑہ پریس کلب کے ممبر اور ٹی این این کے نمائندے شاہ نواز آفریدی کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر باڑہ پریس کلب ممبران نے احتجاج شروع کیا۔
اس دوران ڈی پی او خیبر نے پولیس اہلکار کو معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس جس میں ایس ایچ او تھانہ باڑہ شمشاد آفریدی، تاجر یونین کے چیئرمین سید آیاز وزیر اور حاجی گل مین شاہ آفریدی نے باڑہ پریس کلب کے نمائندوں سے مذاکرات کے دوران شاہ نواز آفریدی نے پولیس اہلکار شکیل کو معاف کر دیا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سینئر نائب شمیم شاہد نے صحافی شاہنواز خان پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد اور ہتک آمیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور صوبائی حکومت سے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔