کابل، 2 کار بم دھماکوں میں 2 خودکش بمبار ہلاک، ایک فوجی زخمی
افغانستان میں دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 2 خودکش بمبار ہلاک جبکہ ایک فوجی زخمی ہو گیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ وردک کے دارلحکومت میدان سحر میں خودکش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیوں سمیت خصوصی فورسز کے اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دونوں خودکش بمباروں نے بارود سے بھری گاڑیوں کو بیس کے باہر ہی دھماکہ سے اڑا دیا۔
دھماکوں کے نتیجے میں دونوں بمبار موقع پر ہلاک جبکہ ایک فوجی زخمی ہو گیا۔
یاد رہے کہ 7 مارچ کو افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، حملہ آور کارروائی کے بعد سرکاری اسلحہ اور افغان فوج کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔