قبائلی اضلاع

باڑہ میں دو قبائل کے مابین تنازع، جرگہ صرف ایک دن کی فائربندی میں کامیاب

قبائلی ضلع خیبرکے تحصیل باڑہ میں مقامی جرگے نے اکاخیل قبیلے کے دو ذیلی شاخوں کے مابین جاری تناو کم کرنے کے لئے عارضی فائربندی کرادی ہے۔

معروف خیل اور میرگٹ خیل قبائل کے درمیان پچھلے کئی دنوں سے زمین کے تنازعے نے شدت اختیار کر لی تھی اور حالات انتہائی کشیدہ ہوچکے تھے۔ دو دن پہلے معروف خیل کے چند افراد نے میرگٹ خیل قبائلی کے ایک گاوں پر یلغار بھی کیا تھا جس میں درجن بھر سے زائد مکانوں کو جلایا گیا تھا اور کئی ایک خاندانوں نے نقل مکانی بھی کی تھی۔ اس دوران کشیدگی میں میرگٹ خیل کی جانب ایک آدمی کی موت بھی واقع ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

باڑہ، دو متحارب گروپ کے مابین لڑائی میں ایک فرد جاں بحق ایک زخمی، 17 گھر نذرآتش

دونوں قبائل کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لئے آج بروز بدھ ممبر صوبائی اسمبلی حاجی شفیق افریدی کے زیرقیادت ایک جرگہ منعقد ہوا ہیں جس میں آفریدی قبائل کے مشران ملک وارث خان آفریدی، پیر عبداللّٰہ شاہ آفریدی، خیبر یونین کے صدر مجیب الرحمٰن، جنرل سیکرٹری زاہد اللّٰہ، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر شاہ فیصل آفریدی، جماعت اسلامی یوتھ خیبر کے صدر قاضی مومین آفریدی، ملک ظاہر شاہ، اے این پی خیبر کے جنرل سیکرٹری چراغ آفریدی، ملک دوران گل، بازار گل اور دیگر مشران اور مختلف سیاسی رہنماء شامل تھے۔

جرگہ مشران نے معروف خیل کے ساتھ مذاکرات کئے اور حالیہ کشیدگی میں پائے جانے والے تناؤ کو کم کرنے پر ذور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے فاصلوں کو کم کیا جا سکتا اور یہ روایات کا حصہ بھی ہے اور مذکرات کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل ہوئے ہیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ آفریدی قبائل کا جرگہ روایات کے اندر رہتے ہوئے مسئلے کا پر امن حل تلاش کرے گا جس پر معروف خیل نے آمادگی کا اظہار کردیا جس کے بعد آفریدی قبائل کے جرگہ نے جمعرات تک دونوں فریقین کے درمیان فائر بندی ( تیگہ) کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں فریقین فائر بندی کے پابند ہوں گے جس نے بھی خلاف ورزی کی اس سے جرگہ دو کروڑ روپے جرمانہ وصول کرے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور فائر بندی میں توسیع کیلئے آفریدی قبائل اور دونوں فریقین کا جرگہ عزیز مارکیٹ کے مقام پر طلب کرلیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button