لنڈیکوتل ریلوے ٹریک کے تاریخی منصوبے کی بہت جلد خوشخبری دوں گا۔ وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پشاور ٹو لنڈیکوتل ریلوے ٹریک کے تاریخی منصوبے کی بہت جلد خوشخبری دوں گا جبکہ پشاور میں ریلوے کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف عنقریب سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی کی رہائش گاہ پر ان کے والد بزرگوار کی تعزیت کے موقع پر باڑہ کے مقامی صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے صحافیوں کو باور کراتے ہوئے کہا کہ میں صرف وعدے نہیں کرتا بلکہ عملی طور پر کر کے دکھاؤں گا اور خیبر کے عوام کو ضرور اس تاریخی منصوبے کی عملی طور پر سرپرائز دیں گے۔
انہوں نے پشاور میں ریلوے زمینوں پر قبضہ مافیا گروپوں کے بارے میں واضح کیا کہ ماضی میں محکمے کی ملی بھگت کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا ہے اور اس میں محکمے کے کرپٹ لوگ ملوث رہے ہیں جن سے ہر صورت میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے زمینوں پر قابضین کو اخباری کانفرنس کے ذریعے نوٹس دیا اور عنقریب ان عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔