”نورالحق قادری میرے تعمیراتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں”
وفاقی وزیر نورالحق قادری نے ضلع خیبر ملاگوری کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے شاگئی بازار سے لوڑہ مینہ ملاگوری تک 12 کلومیٹر روڈ پر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا تاہم ان کے اس اقدام پر رکن صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی سیخ پا ہیں، کہتے ہیں نورالحق قادری میرے تعمیراتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں جس کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے آج ضلع خیبر جمرود کی سب تحصیل ملاگوری کا دورہ کیا، اس موقع پر ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط جناب گوکان امت، وفاقی وزیر کے انٹرنیشنل ریپریذنٹیٹیو شکیل خان، پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ صوبائی امیدوار پی کے 106 حاجی امیر محمد خان آفریدی، حاجی جمال آفریدی، حاجی ملک منان ملاگوری، ملک فضل مولا، حاجی اشرف، پرسنل سیکرٹری حمیداللہ، ناظم اسلام الدین، رب نواز القادری، ایکسیئین و ایس ڈی او بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر نورالحق قادری نے اس موقع پر شاگئی بازار سے لوڑہ مینہ ملاگوری تک 12 کلومیٹر طویل سڑک پر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا جبکہ ساتھ میں لوڑہ مینہ لنک روڈ کا بھی افتتاح کیا۔
وفاقی وزیر نورالحق قادری نے شلمان واٹر سپلائی سکیم پروجیکٹ کی سائٹ کو بھی وزٹ کیا جہاں پر انہیں پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شلمان واٹر سکیم سائٹ وزٹ کے موقع پر وفاقی وزیر نورالحق قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے ضلع خیبر کے علاقوں، لنڈی کوتل، لوئی شلمان و کم شلمان کے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور پینے کا صاف پانی میسر آئے گا جس کے بعد لنڈی کوتل و ملحقہ علاقوں میں پانی کا مسلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نورالحق قادری نے وزیر اعظم عمران خان و وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بدولت شلمان واٹر سکیم پر کام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے، تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے کہ پاکستان میں میرٹ کی بالادستی کو ترجیح دی جائی اور عام عوام کی زندگی آسان بنائی جائے۔
وفاقی وزیر نورالحق قادری نے تحصیل ملاگوری میں مختلف سرکاری سکولوں کا بھی دورہ کیا اور سکولوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ان کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب مگر مقامی ایم پی اے شفیق شیر آفریدی نے الزامعائد کیا ہے کہ نورالحق قادری نے ان کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کئے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔
جمرود پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے شفیق شیر آفریدی نے دعوی کیا کہ نورالحق قادری نے نے آج جن ترقیاتی کاموں کے افتتاح کئے وہ میں نے منظور کرائے ہیں جن کے میرے پاس تمام تر ثبوت موجود ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی کے مطابق نورالحق قادری نے اچھا نہیں کیا اور جس پر مجھے انتہائی افسوس ہے، "ان منصوبوں کا دوبارہ افتتاح میں کروں گا کیونکہ وہ میں نے صوبائی فنڈ سے منظور کرائے ہیں، نورالحق قادری وفاق سے اپنا فنڈ لائیں اور ترقیاتی منصوبے شروع کریں۔”