پاک افغان سرحد طورخم پر ڈرائیوز تبدیلی کی شرط ختم
محراب شاہ آفریدی
پاک افغان سرحد طورخم زیرو پوائنٹ پر ڈرائیوز تبدیلی کی شرط ختم، وفاقی حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
نمائندہ تی این این کے مطابق سرحد پار دونوں جانب سے ڈرائیورز کو آمدورفت کی اجازت مل گئی کرونا وائرس کے باعث جس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ایکسپورٹ میں 15 سے زائد اور امپورٹ میں 35 سے زائد ڈارئیورز مال بردار گاڑیوں کے ساتھ پاکستان سے افغانستان اور افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے۔
ذرائع کے مطابق افغان حکام کی جانب سے ڈرائیور کے ساتھ کنڈیکٹر کو بھی اجازت دینے کے مطالبے پر سرحد پر تجارت کچھ دیر کے لئے تعطل کا شکار بھی رہی تاہم بعدازاں اس مسئلے کا حل نکال لیا گیا۔
کرونا وائرس کی وجہ سے چند ماہ تک ڈرائیورز طورخم زیرو پوائنٹ پر ہی تبدیل ہو جاتے تھے جس سے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو بہت مشکلات کا سامنا تھا۔
حالیہ فیصلے پر ٹرانسپورٹرز اور تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ 12 اگست کو حکومت پاکستان نے طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں میں تیزی اور بہتری کے لئے ڈرائیورز کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے افغانستان، محمد صادق نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاک افغان بارڈر پر اب ڈرائیور کی تبدیلی نہیں ہوگی، ڈرایور تبدیلی کا فیصلہ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے کیا تھا۔
قبل ازیں 9 اگست کو وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت معیشت اور کاروباری برادری سے متعلق تمام معاملات پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، پاک افغان بارڈر کا مسئلہ ایک ہفتہ میں حل ہو جائے گا۔