جنوبی وزیرستان: 11 سالہ دانیال کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج
جنوبی وزیرستان کے 11 سالہ طالبعلم دانیال محسود کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا۔ دانیال محسود نے ایک منٹ میں 78 ہیلی کاپٹر اسپن کرکے 70 اسپنز کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا اور اپنا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرالیا۔
خیال رہے کہ دانیال نے یہ ریکارڈ گزشتہ سال نومبر میں ڈیرہ اسماعیل خان میں بنایا تھا اور اس وقت اس کی عمر 10 سال تھی۔
واضح رہے کہ دانیال محسود عالمی ریکارڈ یافتہ عرفان محسود کا شاگرد ہے اور ڈی آئی خان میں انکی اکیڈمی تربیت حاصل کررہا ہے۔ عرفان محسود کا کہنا ہے کہ دانیال جیسے شاگردوں کی حوصلہ افزائی پر توجہ ہے۔
گزشتہ دنوں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود نے برطانیہ کے ٹاپ ریکارڈ ہولڈر پیڈی ڈوئیل کا گینیز ورلڈ ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔
عرفان محسود نے 100 پاونڈ وزن کے ساتھ 64 جمپنگ جیکس کرکے پیڈی ڈوئیل کا 58 جمپنگ جیکس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
یاد رہے پیڈی ڈوئیل کو ورلڈ فٹسٹ مین کا لقب ملا ہے۔ اسی طرح عرفان محسود کے ٹوٹل 32 گینیز ورلڈ ریکارڈاپروڈ ہوگئے۔
خیال رہے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود نے رواں برس جون کے مہینے میں زیادہ پش اپس لگانے کا امریکی شہری کا ورلڈ ریکارڈ توڑا تھا۔ عالمی ریکارڈ توڑنے والے جنوبی وزیرستان کے عرفان محسود نے ایک پاؤں پر 40 پونڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 60 پش اپس لگائے۔
عرفان محسود نے ایک پاؤں پر 40 پونڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 60 پش اپس لگا کر امریکی شہری ہولڈر رون کوپر کا ریکارڈ توڑا ہے جنہوں نے ایک منٹ میں 40 پونڈ وزن کے ساتھ 53 پش اپس لگائے تھے۔
خیال رہے کہ عرفان محسود متعدد بین الاقوامی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں اور مزید ریکارڈز بنا کر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔