قبائلی اضلاع
خیبر، موسلادھار بارشیں، 3 پل ٹوٹنے سے باڑہ تیراہ کے درمیان رابطہ منقطع
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے میدان میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔
دورافتادہ تیراہ سے موصول اطلاعات کے مطابق تیراہ ملک دین خیل حاجی لعل بادشاہ کلے میں چار سال قبل تعمیر ہونے والا باڑہ تیراہ دواتو ئے روڈ پر میردرہ کے مقام پر تعمیر ہونے والا رابطہ پل تیز سیلابی ریلے کی وجہ سے منہدم ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پل کے گرنے سے تیراہ اور باڑہ کا راستہ منقطع ہو گیا تاہم چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کرنے کیلئے متبادل پل کو استعمال کیا جانے لگا ہے۔
اس کے علاوہ ذخیل کے علاقے حاجی مردان کلے میں واقع پل بھی سیلابی ریلے کے باعث ناکارہ ہو گیا جبکہ تیسرے پل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا ابھی تک افتتاح بھی نہیں ہوا تھا اور سیلابی ریلے کے باعث اسے نقصان پہنچا ہے۔