کھیل

پاکستان اور سری لنکا ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کا تبادلہ کرنے پر رضامند

پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کا تبادلہ کرنے کیلئے رضا مند ہیں، ایونٹ کی میزبانی کا تبادلہ کرنے کی تجویز گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں سامنے آئی۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے لیکن کووڈ 19 کی وجہ سے اب تک ایونٹ کے وینیو اور شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ ان ہی معاملات کو دیکھنے کیلئے گزشتہ روز اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں میزبانی کی تبادلے کی تجویز سامنے آئی۔

اے سی سی نے اعلان کیا تھا کہ ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کا سری لنکا کرکٹ سے تبادلہ کرنے کیلئے رضا مند ہے۔

ایشیا کپ 2020 کا میزبان ملک پاکستان ہے لیکن کووڈ 19 کی وجہ سے اس وقت ایشیا کپ کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ بھارت کے پاکستان آ کر نہ کھیلنے کی وجہ سے پاکستان پہلے ہی دبئی یا کسی دوسرے وینیو پر ایونٹ کے انعقاد کا سوچ رہا تھا جو کہ اب کووڈ 19 کی وجہ سے اور بھی مشکل ہو گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس برس میزبانی کے تبادلے کیلئے رضا مند ہے، اس مرتبہ سری لنکا ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے جبکہ پاکستان اگلے ایشیا کپ کی میزبانی کر سکتا ہے جوکہ 2022 میں ہوگا۔

اسے ابھی ایک تجویز ہی قرار دیا گیا ہے جس پر دونوں بورڈز رضا مند ہیں لیکن حتمی فیصلہ اے سی سی کے اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع نے اس تجویز اور پی سی بی کی رضا مندی کی تصدیق کی ہے کیونکہ پی سی بی چاہتا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کرکٹ کی سرگرمیاں ہونی چاہئیں ان کا تسلسل ہونا چاہیے ، سری لنکا میں ایونٹ کرانے کی تجویز اس لیے سامنے آئی کیونکہ وہاں کووڈ 19 کے حوالے سے صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق صدر سری لنکا کرکٹ شامی سلوا کا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ سری لنکا میں کرانے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے، پی سی بی سے بات ہوئی ہے وہ بھی اس پر راضی ہیں ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے حکومت سے اجازت طلب کریں گے اور پھر اجازت ملنے کے بعد میڈیکل آفیشلز کے ساتھ مل کر حکمت عملی تیار کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button