قبائلی اضلاع

میرانشاہ، اراضی تنازعہ پر دو قبیلوں میں خونریز جھڑپ، 21 افراد شدید زخمی

شاکراللہ

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں دو قبیلوں کے مابین زمین کے تنازعہ پر خونریز جھڑپ میں 21 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس کے مطابق میرانشاہ کے گاؤں تپی میں زمین کے تنازعے پر خونریز جھڑپ ہوئی جس میں ڈنڈوں اور چھریوں کا کھل کر استعمال کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک رب نواز اور ملک مشتاق کے قبیلوں میں زمین پر تنازعہ چل رہا تھا جس میں آج ایک خونریز جھڑپ ہوئی ہے اور دونوں جانب سے 21 افراد شدید زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق ملک مشتاق کے قبیلے سے 12 افراد زخمی ہوئے جن کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا جبکہ ملک رب نواز کے قبیلے سے 9 افراد زخمی ہوئے جو ٹی ایچ کیو ہسپتال میرعلی میں زیرعلاج ہیں۔

پولیس موقع پر پہنچ چکی ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پشاور خصوصاً نئے ضم شدہ اضلاع میں اراضی تنازعات سر اٹھانے لگے ہیں جن میں خون خرابے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

گذشتہ روز بھی شمالی میں ہی دو گروپوں کے درمیان زمینی تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔

ضلع انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ تحصیل غلام خان میں شیرخیل اور بوری خیل گروپوں کے مابین ہوا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button