‘جمرود بائی پاس سڑک کی اراضی کا معاوضہ دیا جائے’
قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں جمال خیل قبیلے کا ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جرگہ سے حاجی شیر بادشاہ، حاجی سعید خان، حاجی وزیر باز و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمرود بائی پاس روڈ تعمیر کی مکمل حمایت کرتے ہیں تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ تعمیر سے پہلے جمال خیل قبیلے کے مشران و کشران کو اعتماد میں لے کر سڑک کی اراضی کا معاوضہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاس کلی ناکے کی اراضی اور کھیت جمال خیل قبیلے کی زمین ہے جس پر جمرود بائی پاس روڈ تعمیر کیا جا رہا ہے، پاس کلی ناکے اراضی پر ہمارے مشران کو قتل کیا گیا تھا اور اس اراضی کو مخالفین نے زبردستی چھینا تھا جس کے ثبوت مختلف کتابوں میں موجود ہیں۔
جرگہ نے منتخب نمائندگان سے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندگان اور مشران اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے آگے آئیں ورنہ اس مسئلے پر تصادم کا خطرہ ہوسکتا ہے۔