باڑہ، تیراہ کے متاثرین کی وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کی دھمکی
باڑہ اور تیراہ میں دہشت گردی کے دوران تباہ ہونے والے مکانات کے معاوضوں کی ادائیگی کیلئے قائم تحریک آفریدی ریلیف کمیٹی نے کہا ہے کہ معاوضوں کی ادائیگی کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے اگر پھر بھی ادائیگی ممکن نہ ہوئی تو گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرے شروع کریں گے۔
اس بات کا اعلان اے آر سی کے اجلاس جس کی صدارت چیئرمین معروف آفریدی کررہے تھے میں کیا گیا۔
اجلاس میں ڈیڈک ضلع خیبر کے چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی شفیق آفریدی،جماعت اسلامی،جمعیت العلماء اسلام، پی ٹی آئی اور معروف کاروان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں دہشت گردی سے متاثرہ مکانات کے مالکان کو درپیش مشکلات پر کا جائزہ لیا گیا اور تجاویز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی شفیق آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ مکانات کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور سروے میں تیزی لانے کیلئے سیکورٹی فورسز کے افسران، مقامی انتظامیہ سے بات کی جائے گی تاکہ متاثرہ مالکان کو جلد ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔