پولیو ٹیموں پر حملے کا خدشہ، خیبر میں موٹر سائیکل کی سواری پر پابندی عائد
صوبہ میں پولیو ٹیموں پر پے در پے حملوں کے پیش نظر قبائلی ضلع خیبر میں مقامی انتظامیہ نے پیر کے دن سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے دوران موٹر سائکل کے استمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
ضلعی پولیس آفیسر کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق 17 سے 23 فروری تک صبح آٹھ سے شام 4 تک انسداد پولیو ٹیموں کو سکیورٹی دینے کی غرض سے کسی کو بھی روڈ پر موٹرسائکل لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی پی او کی جانب سے یہ نوٹیفیکیشن ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو ارسال کیا گیا ہے اور ان کو اس پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
قبائلی اضلاع سمیت تمام صوبے میں انسداد پولیو مہم پیر کے دن سے شروع ہوگی جس میں 6 اعشاریہ سات ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوْ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ انسداد پولیو کے لئے صوبے میں مجموعی طور پر 23,309 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائے گی۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصہ میں پولیو ٹیموں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ مہینے کے 29 تاریخ کو صوابی میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو خواتین اہلکار جاں بحق ہوئیں تھی۔
اسی طرح 18 دسمبر کو لوئر دیر میں اسی طرح کے ایک واقعہ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر معمور 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ اس کے دو دن بعد لکی مروت میں بھی انسداد پولیو ٹیم پر خودکش حملہ ہوا تھا لیکن خوش قسمتی سے حملہ آور کے علاوہ حملہ میں کسی قسم کا اور جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔