کیڈٹ کالج رزمک میں ہاسٹل کی تعمیر کیلئے فوری فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے کیڈٹ کالج رزمک میں ہاسٹل کی تعمیر کے لئے فنڈز فراہمی awr کیڈٹ کالج رزمک میں زیر التوا ء سکالرشپ کی فراہمی، کیڈٹ کالج کے ہاسٹلوں کی بہتری کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کیڈٹ کالج رزمک کے 40 ویں بور ڈ آف گورنر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ پنشن کی فراہمی سے متعلق اُمور کی ترجیحی بنیادوں پرحل یقینی بنائیں۔
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب، چیف سیکرٹری کاظم نیاز، جی او سی 7 ڈویژن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ڈپٹی کمشنر ضم شدہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان، کمانڈنٹ شوال رائفلز رزمک، ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، پرنسپل کیڈٹ کالج رزمک ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو کیڈٹ کالج رزمک میں بورڈر آف گورنرز ، کالج میں ترقیاتی کام و دیگر اُمور پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے کیڈٹ کالج رزمک کی آٹھویں جماعت میں نشستوں کی تقسیم کی تجویز کی بھی منظوری دی جس میں ضم شدہ قبائلی ضلع شمالی وزرستان اور رزمک سب ڈویژن کے طلباء کے لئے مجموعی طور پر 50 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 30 نشستیں باقی نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع اور فرنٹیئر ریجنز کے لئے مختص کی گئی ہیں۔
اسی طرح پنجاب اور سندھ سے اوپن میرٹ پر طلباء کے لئے پانچ جبکہ خیبر پختونخوا سے اوپن میرٹ پر 20 نشستیں، بلوچستان سے اوپن میرٹ پر پانچ نشستیں، سیلف فنانس کی بنیاد پر 10 نشستیں، ایف سی اہلکاروں کے وارڈوں کے لئے 10 نشستیں جبکہ پانچ نشستیں رزمئین کے وارڈوں کے لئے اور پانچ نشستیں کالج ملازمین کے وارڈوں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نشستوں کی تقسیم کا اطلاق طلباء کے داخلوں پر سال 2020 سے ہوگا۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز نے مختلف الاؤنسز میں اضافے کی منظوری بھی دی جو پہلے سے منظور شدہ بجٹ سے دی جائے گی۔
اجلاس میں تمام کالج ملازمین کے الاؤنس کو 20فیصد بنیادی تنخواہ سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا، نیز سینئر ہاؤس ماسٹر، ہاؤس ماسٹر، اسسٹنٹ ہاؤس ماسٹر اور میس آفیسر کی اضافی ڈیوٹی کی مشکلات اور کیمپس کے اندر چوبیس گھنٹے قیام سمیت اپنے فرائض کی انجام دہی کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی ڈیوٹی الاؤنس کی منظوری سے بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران محکمہ خزانہ نے کالج کے طلباء اور عملے کو سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کیڈٹ ہاسٹلز اور عملے کی رہائش گاہوں کی بحالی کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی سے بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے کیڈٹ کالجوں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی، انہوں نے تنبیہ کی کہ کالجوں کو حکومت کی توقعات اور مطالبات کے مطابق اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا، صوبائی حکومت صوبے میں بہتر تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے اور طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی انفراسٹرکچر اور طلباء کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے جس سے صوبے میں تعلیمی اقدار ترقی کی طرف گامزن ہوں گی۔