آئی جی پی خیبر پختونخوا کا ضلع لوئر مہمند کا دورہ
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے ضلع لوئر مہمند کا دورہ کیا جہاں مہمند پولیس فورس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
ضم شدہ قبائلی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے آئی جی پی اور ریجنل پولیس آفیسر مردان کو روایتی پگڑی (پٹکے) پہنائی گئی
بعد ازاں آئی جی پی نے تھانہ لوئر مہمند میں مقامی ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں ضم شدہ ضلع کے عوام کی ترقی خوشحالی اور امن کے لیے برابر کوشاں رہیں گے۔
آئی جی پی نے دربار کے شرکاء سے کہا کہ یہاں کے سکیورٹی اہلکاروں نے مشکل وقت میں فرسٹ لائن آف ڈیفنس کے طور پر کام کیا اور ان کی حب الوطنی اور بہادری کے قصے بھی زبانِ زد عام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور ملکی سرحدات کے تحفظ کے لیے آپ کی بے مثال قربانیاں تاریخ کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔
آئی جی پی نے مزید کہا کہ لیویز اور خاصہ دار انضمام کے بعد پہلے دن سے خیبر پختونخوا پولیس فورس کا حصہ بن گئے ہیں اور ان کو بھی خیبر پختونخوا پولیس کی مراعات اور اختیارات حاصل ہوں گے۔
آئی جی پی نے دربار کے شرکاء سے کہا کہ وہ قبائلی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔
آئی جی پی نے یقین دلایا کہ اُن کی ملازمت سے وابستہ تمام مسائل وابستہ توقعات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
آئی جی پی نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم سب ایک ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا ئیں۔
دورہ کے موقع پر لوئر مہمند پریس کلب کے ایک وفد نے مجبوب شیر کی قیادت میں آئی جی پی سے ملاقات کی۔