"ادائیگیاں نہ کی گئیں تو پورا شمالی وزیرستان بند کردیں گے”
شمالی وزیرستان کے اتمائزئی قوم نے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے مسمار ہونے والے گھروں کا معاوضہ نہ ملنے کے خلاف میرانشاہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دو دن کے بعد پورے شمالی وزیرستان کو بند کرنے اعلان کردیا۔
مظاہرین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے میرانشاہ روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کرکے رکائوٹیں کھڑی کردیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
اس موقع پر ملک روح اللہ نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائل بہت پرامن لوگ ہیں لیکن اب ہمارے حوصلے ختم ہو رہے، ہیں ہم نے ہمیشہ ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں مگر قربانیوں کا بدلہ آج ہمیں محرومیوں کی صورت میں دیا جارہا ہے، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ایک ایک شخص کا کروڑوں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے مگر اس کے باوجود بھی نقصان کا معاوضہ نہیں دیا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سروے سے ہمارے سینکڑوں خاندان رہ چکے ہیں جن کو سروے کی فہرست میں شامل کیا جائے، ہماری اتمائزئی قوم اتفاق میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج یہ ساری اتمائزئی قوم اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہے جب تک ہمیں مسمار گھروں اور دکانات کا معاوضہ نہیں دیا جاتا ہماری احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
اُنہوں نے دو دن کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے معاوضہ نہیں دیا تو دو دن کے بعد پورے شمالی وزیرستان کو بند کردیں گے ۔