قبائلی اضلاع

حدود کی خلاف ورزی، جمرود پولیس نے پشاور پولیس کے اہلکاروں کو گرفتار پھر رہا کر دیا

پشاور پولیس نے ایک مرتبہ پر اپنی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں نامعلوم افراد کیخلاف کارروائی کی کوشش کی، نامعلوم افراد گاڑی چھوڑ کر فرار ہوئے، جمرود پولیس نے پشاور پولیس اہلکاروں کو گرفتار اور بعد ازاں حکام کی درخواست پر  رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے جمرود پولیس کو پیشگی اطلاع کے بغیر جمرود وزیر ڈھنڈ پر چھاپہ مار کر دو نامعلوم افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جبکہ نامعلوم مسلحہ افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے۔

اس دوران نامعلوم افراد نے مقامی لوگوں پر بھی فائرنگ کی جبکہ مقامی افراد نے بھی جوابی کارروائی کی۔

واقعے کے بعد جمرود پولیس کے ڈی ایس پی جہانگیر آفریدی، مظہر آفریدی، ایڈیشنل ایس ایچ او خانداد، انسپکٹر ذولفقار اور کمانڈر جمشید سمیت جمرود پولیس کے اہلکار جائے وقوعہ پہنچے اور پشاور پولیس کے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا تاہم اعلی پولیس حکام کی مداخلت پر پولیس اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا جبکہ نامعلوم مسلح افراد کی آلٹو گاڑی کو چیک اپ کے بعد جمرود تحصیل منتقل کر دیا گیا۔

قبائلی عوام نے پشاور پولیس کے اس اقدام ہر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی طور پر پاک افغان شاہراہ کو بند کردیا۔

جمرود پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق مسلح افراد کے پاس گاڑی چوری شدہ نکلی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button