باڑہ، شلوبر قبیلے کے تباہ شدہ مکانات کا ازسر نو سروے جلد شروع ہونے کا امکان
قبائلی ضلع خیبر کی انتظامیہ لوبر قومی کونسل کے بدامنی سے متاثرہ مکانات کے ازسر نو سروے کا مطالبہ درست مانتے ہوئے کونسسل کے وفد کو جلد از جلد سروے کا آغاز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق چیئر مین عبدالغنی کی قیدت میں قومی شلوبر کونسل کے ایک وفد اور ایڈیشنل دپٹی کمشنر ضلع خیبر کے درمیان بدامنی سے متاثرہ مکانات کے دوبارہ سروے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق عنقریب شلوبر باڑہ میں تباہ شدہ گھروں کا سروے دوبارہ شروع کیا جائے گا جبکہ بیسے بابا کے بند کرش پلانٹ کے بارے میں مذاکرات کا اگلا مرحلہ آئندہ ہفتے ہوگا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر جمشید خان کے ساتھ ملاقات کرنے والے وفد میں حاجی مجیب الرحمن آفریدی، اصغر خان آفریدی، ثاقب آفریدی، ابراہیم آفریدی، لعل نبی، پرنسپل گل ولی آفریدی، زاھد اللہ و دیگر بھی شامل تھے۔
مشران نے اے ڈی سی خیبر سے مطالبہ کیا کہ قوم شلوبر باڑہ میں تباہ شدہ مکانات کا سروے دوبارہ شروع کیا جائے کیونکہ اب بھی تقریباً 75 فیصد گھر سروے سے محروم ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ قوم شلوبر کے بند کرش پلانٹ مشینوں کو دوبارہ چالو کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اے ڈی سی خیبر نے سروے کے متعلق کہا کہ جیسے ہی قوم کمر خیل کا سروے ختم ہوتا ہے یا کوئی دوسری سروے ٹیم دستیاب ہوتی ہے تو قوم شلوبر میں دوبارہ سروے شروع کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب کرش پلانٹ مشینوں کو چالو کرنے کیلئے آئندہ ہفتے سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں مذاکرات ہوں گے۔
یاد رہے کہ 29 دسمبر 2019 کو قومی مرکز قمبر آباد میں شلوبر قومی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ "شلوبر گرینڈ قومی غونڈہ” میں متفقہ قرارداد پیش کی گئی جس میں آئندہ پیر کے روز 13 جنوری کو احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد شلوبر قومی کونسل نے 13 جنوری کو ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ملتوی کر دیا ہے۔