"لنڈیکوتل میں کسی کو بھی انسداد پولیو کے قطروں سے محروم نہیں کیا جائے گا”
اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران خان نے ایمرجنسی اپریشن سنٹر کے حکام کے ہمراہ طورخم بارڈر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور انسداد پولیو کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران خان نے ڈاکٹر مثل خان کے ہمراہ بارڈر پر آمدورفت کرنے والے مسافروں اور دیگر لوگوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر پاک افغان بارڈر میں آنے اور جانے والے مسافروں کو ای او سی کے جانب سے انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے اور سرٹیفیکیٹ جاری کئے گئے۔
انسداد پولیو کے قطرے نہ پینے والے مسافروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے پولیو کے حوالے سے پھیلنے والے افواہوں کی نفی کی اور مسافروں کو پولیو کے قطرے پلانے پر آمادہ کیا جس کی وجہ سے موقع پر موجود کثیر تعداد میں پولیو سے انکاری افراد کو قطرے پلائے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران خان نے کہا کہ لنڈیکوتل میں کسی کو بھی انسداد پولیو کے قطروں سے محروم نہیں کیا جائے گا، روزانہ کی بنیاد پر پولیو سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی خود جاری رکھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحصیلداروں سمیت متعلقہ سٹاف کو پولیو کے خاتمے تک یہ مہم جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ پولیو جیسے ناسور کا بروقت خاتمہ ہو سکے۔