پشاور میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی زیر صدارت ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے اراکین، ملکان اور مشران کا جرگہ منعقد ہوا، جس میں کونسل کی ذمہ داریوں، قیامِ امن اور متعلقہ اضلاع میں ترقی و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ، قلعہ بالاحصار میں منعقدہ جرگے میں خیبر، مہمند اور باجوڑ کے ڈپٹی کمشنرز، نو تشکیل شدہ اے آر ڈی سی کے اراکین اور ملکان و مشران نے شرکت کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے اختیارات اور کردار پر سیاسی رہنماؤں کی کیا رائے ہے؟

 

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے کونسل کے نومنتخب اراکین کو مبارک باد دی اور کہا کہ نئے انتظامی سیٹ اپ میں ان کا کردار اہم ہے اور ان پر علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور ترقی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

 

 

انہوں نے کونسل کے اراکین اور ملکان و مشران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور علاقے میں امن و امان کی بہتری، استحکام اور ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

 

جرگے میں اے آر ڈی سی کی تشکیل، اس کے مقاصد اور ذمہ داریوں کے علاوہ متعلقہ اضلاع میں امن و امان کے قیام اور تیز رفتار ترقی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

اس موقع پر ملکان و مشران اور کونسل کے اراکین نے آئی جی ایف سی کے پی نارتھ کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔