گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے اکنامک زونز کو درپیش مسائل فوری حل کرنے، نئے منصوبوں کے لیے زمین کی خریداری اور ادائیگیوں کے معاملات پر قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے اور صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور صوبے میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا ہے۔

 

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر صنعت محمد ارشاد، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں گورنر کو کمپنی کے انتظامی ڈھانچے، کارکردگی، کامیابیوں، مستقبل کے اہداف، اکنامک زونز کی صورتِ حال اور محاصل سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 15 اکنامک زونز فعال ہیں، جبکہ مزید سات اکنامک زونز قائم کیے جائیں گے۔ کمپنی کے مطابق ان زونز کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ سات ہزار روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: طورخم بارڈر پر افغانستان جانے والے افغان خاندانوں کی گاڑیاں واپس بھیجنے کے بعد دوبارہ روانہ

 

اجلاس میں مختلف اکنامک زونز کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے گورنر کو یکہ غنڈ ماربل سٹی، کاٹلنگ اور دیگر مجوزہ اکنامک زونز کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

 

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صنعتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے فروغ سے صوبے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، اس لیے نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت کاروباری معاملات کو آسان بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولت مل سکے۔

 

گورنر نے صوبے میں نئے اکنامک زونز کے لیے زمین کی خریداری اور ادائیگیوں کے مسائل حل کرنے کی غرض سے محکمہ خزانہ کے ساتھ مشاورت کرکے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

انہوں نے اکنامک زونز کے انتظامی اور عملی مسائل فوری حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کیے جائیں۔ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسائل کا جائزہ لیا جائے اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل فیصلے کیے جائیں۔

 

گورنر نے کہا کہ وفاقی محکموں سے متعلق معاملات وفاقی حکومت کے سامنے اٹھائے جائیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

انہوں نے اکنامک زونز میں سکیورٹی خدشات اور مقامات کے انتخاب سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اکنامک زونز ایسے علاقوں میں واقع ہیں جہاں امن و امان کے مسائل درپیش ہیں۔ ان مسائل کا جائزہ لے کر حل تلاش کیا جائے تاکہ ایسے زونز کو بھی فعال بنایا جا سکے۔

 

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اکنامک زونز کے مالیاتی مسائل اور قانونی تنازعات کے حل کے لیے کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان زونز کی فعالیت میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور زیرِ التوا معاملات پر جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے۔