راولپنڈی میں تین ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم نے 45، سعد بیگ نے 39، حسن نواز نے 37، عرفات منہاس نے 18، فخر زمان نے 16 جبکہ صائم ایوب نے 7 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4، اسیتھا فرنانڈو نے 3 اور دلشن مدوشناکا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79، جنیتھ لیاناگے نے 60 اور کمیندو مینڈس نے 44 رنز بنائے، تاہم ٹیم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 268 رنز پر اس کی اننگز اختتام پذیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔
شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، حسن نواز، سعد بیگ، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
تین ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔
