بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ گوادر میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور اسکول حادثہ: تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت میں غفلت کا ذمہ دار کون؟

 

آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر کے علاقے شادی کور میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

 

بیان کے مطابق شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔