خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد طالبان کو ہلاک کر دیا، جبکہ شپولا بیس کیمپ بھی تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر کرم کے تائدہ سیکٹر اور غوزگڑھی میں افغان طالبان نے بلااشتعال فائرنگ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فائرنگ خارجی دہشت گردوں کو سرحد پار کرانے کے لیے کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کی فہرست جاری
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں غوزگڑھی کے سرحدی علاقے میں متعدد طالبان کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپر کرم سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی کارروائی کے بعد طالبان نے اپنی سرحدی پوسٹ خالی کر دی۔
