خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کے ناموں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا گیا، جبکہ وفاقی حکومت نے کونسل کے نئے ارکان کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

 

کونسل کے 48 نمائندگان کے انتخاب کا عمل جرگوں کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا گیا۔ تمام 12 اضلاع میں باوقار اور مقامی آبادی کے پسندیدہ افراد کو کونسل کا رکن نامزد کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے جرگے منعقد کیے گئے۔

 

جرگوں کے ذریعے نامزد کونسل ارکان کے ناموں کی پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکریٹری / ایڈمنسٹریٹر، علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ نے کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: باڑہ میں خستہ حال عمارتوں کے خلاف کارروائی، 2 نجی اسکول سیل کر دیے گئے

 

 مشاورت کے بعد نامزد ارکان کے نام چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کیے گئے، جنہوں نے مزید کارروائی کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے نامزد کونسل ارکان کے نام وفاقی حکومت کو ارسال کر دیے۔

 

علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے شوکت اللہ خان ہیں، جبکہ ضلع شمالی وزیرستان کے وزیر قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملک خان مرجان کو وائس چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

 

ضلع باجوڑ کے 4 نمائندگان میں ترکانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان زیب اور حاجی لالی شاہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

 

ضلع مہمند کے 3 نمائندگان میں خادی خیل خوزئی قبیلے کے ملک فیاض خان، بازئی قبیلے کے ملک نادر منان اور اتمان خیل قبیلے کے ملک صاحب خان امبر شامل ہیں۔

 

ضلع خیبر کے 5 نمائندگان میں آفریدی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملک عبدالرزاق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان خدمات سرانجام دیں گے۔

 

ضلع کرم کے 5 نمائندگان میں بنگش قبیلے کے منیر حسین بنگش، علی شیرزئی قبیلے کے ملک عبدالولی خان اور طوری قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملک زمین حسین، سید ولی سید میاں اور احسان اللہ احسان شامل ہیں۔

 

ضلع اورکزئی کے 3 نمائندگان میں علی خیل قبیلے کے لال مان شاہ، سید قبیلے کے سید فخر عباس اور مشتی قبیلے کے فیض اللہ شامل ہیں۔

 

ضلع شمالی وزیرستان کے 5 نمائندگان میں وزیر قبیلے کے ملک خان مرجان، ملک نصراللہ اور ملک حاجی شیر محمد، داوڑ قبیلے کے مفتی مصباح اللہ خان اور داوڑ / درپا خیل قبیلے کے ملک حبیب خان شامل ہیں۔

 

ضلع جنوبی وزیرستان (اپر) کے 4 نمائندگان میں قریشی محسود قبیلے کے صالح شاہ، برکی قبیلے کے ملک عرفان الدین احمد برکی، محسود قبیلے کے ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان شامل ہیں۔

 

ضلع جنوبی وزیرستان (لوئر) کے 4 نمائندگان میں وزیر قبیلے کے ملک علاؤالدین وزیر، ملک جمیل توجی خیل، ملک معین الدین وزیر اور سلیمان خیل قبیلے کے ملک سردار عباس شامل ہیں۔

 

ضلع بنوں کے 4 نمائندگان میں بنوچی قبیلے کے باز محمد خان اور مولانا عبدالغفار قریشی، جبکہ وزیر قبیلے کے ملک شیریں اور ملک احسان خان شامل ہیں۔

 

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے 4 نمائندگان میں قصوریہ قبیلے کے عبدالحلیم، گنڈاپور قبیلے کے سردار آغاز خان، شیرانی قبیلے کے سردار عباد خان اور میاں خیل قبیلے کے قیضر خان ایڈووکیٹ شامل ہیں۔

 

ضلع ٹانک کے 3 نمائندگان میں کاٹی خیل قبیلے کے نوابزادہ عبدالوہاب، محسود قبیلے کے عبداللہ ننگیال اور کنڈی قبیلے کے عرفان اللہ کنڈی شامل ہیں۔

 

ضلع لکی مروت کے 4 نمائندگان میں بیٹنی قبیلے کے مولانا عمر اشرفی، جبکہ مروت قبیلے کے ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف متی شامل ہیں۔