خیبر کی تحصیل باڑہ میں تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 نجی اسکول سیل کر دیے گئے، جبکہ ایک اور نجی اسکول کی انتظامیہ کو وارننگ جاری کر دی گئی۔

 

 معائنے کے دوران سرکاری اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی مرمت کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں گورنر راج غلط ہے، تو کیا فوجیوں سے زمین لینا حلال ہے؟ فیصل کریم کنڈی

 

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات پر متعلقہ حکام نے باڑہ کے علاقوں شلوبر، برقمبر خیل اور ملک دین خیل میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور مدارس کا معائنہ کیا۔ اس دوران عمارتوں کی حالت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

 

 

 معائنے میں تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی، سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر شیر زمان آفریدی اور سب انجینئر سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

 

حکام نے شلوبر اور برقمبر خیل میں خستہ حال عمارتوں کے باعث ایک، ایک نجی اسکول کو سیل کر دیا، جبکہ برقمبر خیل میں ایک اور نجی اسکول کی انتظامیہ کو وارننگ جاری کی گئی۔

 

 

معائنے کے دوران بعض سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی بھی سامنے آئی، جس پر متعلقہ حکام کو مرمت کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ و طالبات اور تدریسی عملے کی حفاظت یقینی بنانا اور تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔