پشاور کے دیر کالونی میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور کو ارسال کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت پرانی اور ناقص تعمیر کے باعث منہدم ہوئی، جبکہ عمارت کے ناقص انفراسٹرکچر سے متعلق شکایات کے باوجود اسکول انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: دیر کالونی اسکول حادثے میں بچوں کی جانیں بچانے والی ٹیچر ثمرین کون تھیں اور انہوں نے بچوں کو کیسے بچایا؟
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن آغا میر جانی کو صبح 9 بج کر 5 منٹ پر اسکول کی عمارت منہدم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ایس پی سٹی، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی طلب کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ عمارت گرنے کی اصل وجہ اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
